شہباز شریف کے خلاف کارروائی حکومت کا خود کو بچانے کیلئے آخری قدم ہوگا، خواجہ آصف

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے خلاف کارروائی حکومت کا خود کو بچانے کیلئے آخری قدم ہوگا۔

خواجہ آصف نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ڈوب رہی ہے اور تنکے کا سہارا لے رہی ہے، حکومت خاتمے کا وقت قریب ہے وہ سمجھ رہے ہیں اس طرح ان کی بچت ہوجائے گی۔

صحافی نے خواجہ آصف سے سوال کیا کہ وفاقی حکومت نے شہباز شریف کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے؟ جس پر خواجہ آصف نے کہا کہ عدالتی معاملے پر پیشین گوئی نہیں کرسکتے، شہباز شریف کے خلاف کارروائی حکومت کا خود کو بچانے کیلئے آخری قدم ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان ریکارڈز سے وزیر اعظم کو بھی معلوم تھا نواز شریف بیمار تھے، حکومت نے خود بورڈ بنایا اور بیان بھی دیئے کہ نواز شریف واقعی بیمار ہیں، وزیراعظم نے اپنے ڈاکٹر بھیج کر اپنی تسلی اور تصدیق بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنی تمام تسلی کرنے کے بعد نواز شریف باہر جانے کی اجازت دی، میاں نواز شریف کا علاج جاری ہے علاج ہونے میں وقت لگتا ہے، حکومت اس معاملے کو چیلینج کرنا چاہتی ہے تو بخوشی کرے کوئی قدغن نہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ منی بجٹ کو آسانی سے پاس ہونے دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، عام آدمی کی زندگی میں بلا واسطہ ٹیکسز کا انقلاب آچکا ہے، بجٹ کی آمد سے قبل ہے لوگوں نے اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ بچوں کے دودھ اور ڈبل روٹی کی قیمتیں بڑھا دی ہیں اور ٹیکسز میں اضافہ کردیا ہے، عوام پر مزید بوجھ ڈالا جارہا ہے اور کرپشن نہیں رکی، چند ماہ پہلے یوریا کو برآمد کرنی کی بات کر رہے تھے، اسمگلنگ شروع ہوگئی یوریا کی اسمگلنگ کے پیچھے بھی حکومت کی نااہلی ہے۔

ان ہاؤس تبدیلی کے آپشن سے متعلق سوال پر خواجہ آصف نے تصدیق کردی، اپوزیشن کی جماعتوں کے قائدین ان ہاؤس تبدیلی پر فیصلہ کریں گے، آئینی طریقہ یہی ہے کہ پارلیمنٹ قائم رہے اور ان ہاؤس تبدیلی لائی جائے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ کوئی غیر آئینی اقدام نہیں اٹھایا جائے گا، آئین میں ان ہاؤس تبدیلی کا آپشن موجود ہے، پیپلز پارٹی سمیت اپوزیشن کا پارلیمنٹ میں مثالی اتحاد ہے، ان ہاؤس تبدیلی سے متعلق جلد متفقہ فیصلہ ہوگا، لانگ مارچ میں پونے 2 ماہ باقی ہیں مل کر بھی کیا جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں