شمالی وزیرستان میں فورسز کا آپریشن، جھڑپ کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں خفیہ اطلاع پر فورسز کے آپریشن میں 2 دہشتگرد مارے گئے ہیں۔ دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارود برآمد ہوا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کے دوران پاک فوج کے 7 جوان شہید جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگرد بھی مارے گئے تھے۔

سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزا میں خفیہ معلومات پر آپریشن کیا تھا۔

اس سے قبل دتہ خیل میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا تھا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے تھے۔ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی پناہ گاہوں سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا تھا۔

شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں بھی سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا تھا جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں