شاہ محمود قریشی سے ‏آسٹریلین ہم منصب ماریس پین کا ٹیلیفونک رابطہ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے انکی ‏آسٹریلین ہم منصب ماریس پین نے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال ہوا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، افغانستان کے حوالے سے اجتماعیت کے حامل، جامع سیاسی تصفیے کا حامی ہے۔موجودہ حالات کے پیش نظر، ضرورت اس امر کی ہے کہ افغانوں کی سکیورٹی اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ افغان قیادت کی جانب سے منظر عام پر آنے والے حالیہ بیانات حوصلہ افزاء ہیں،عالمی برادری کو افغانستان کی تعمیر نو اور افغانوں کی معاشی بحالی کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ نے آسٹریلوی ہم منصب کو کابل سے مختلف ممالک کے سفارتی عملے، بین الاقوامی اداروں کے اہلکاروں اور میڈیا نمائندگان کے جلد انخلاء کے سلسلے میں جاری پاکستانی معاونت سے آگاہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، آسٹریلیا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے جبکہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیاسی، اقتصادی، اور تہذیبی حوالے سے دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، انہیں مزید مستحکم بنانے کیلئے اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ پر زور دیا۔آسٹریلوی وزیر خارجہ نے کابل سے انخلاء کے عمل میں معاونت کی فراہمی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں