وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہےکہ دہشت گردی کے لیے فنڈنگ کرنے والے چاہتے ہیں کہ پاکستان کے ٹکڑے ہوں، ان دہشت گردوں کی کوئی بات نہیں سنےگا، پاک فوج پر پورا اعتماد ہے، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔
نوشکی میں دہشت گردوں کو شکست دینے والے جوانوں سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کسی قسم کی دہشت گردی کامیاب نہیں ہوسکتی، ہماری فوج نے مشکل حالات میں دہشت گردی کےخلاف جنگ لڑی، اس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے اگلے مرحلے میں بلوچستان کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا، جو علاقے پیچھے رہ گئے ہیں ہم ان علاقوں پر پوری توجہ دیں گے،ہم بلوچستان کو ترقی یافتہ بنا دیں گے، بلوچستان کے عوام کے لیے وہ کام کرجائیں گےکہ دہشت گردوں کی کوئی نہیں سنےگا، بلوچستان میں جتنا فنڈ ہماری حکومت نے لگایا، پہلےکسی حکومت نے نہیں لگایا۔
وزیراعظم نےکہا کہ سی پیک کا پہلا دور کنکٹیویٹی تھا، سڑکیں بننی تھیں، اگلے فیز میں سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کا ہوگا، سی پیک فیز ٹو میں انڈسٹریلائزیشن، ٹیکنالوجی ٹرانسفر، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بدقسمی سے پوری دنیا میں مہنگائی کا سیلاب ہے، امریکا اور برطانیہ جیسے ملک میں شدید مہنگائی آئی ہوئی ہے، پوری کوشش ہے کہ معاشی حالات اس پوزیشن پر لے جائیں کہ لوگوں کی آمدنی بہترہو۔
انہوں نےکہا کہ ہمارے کاروباری اداروں نے ریکارڈ منافع کمایا، ان سے درخواست کرتا ہوں کہ ملازمین کی تنخواہیں بڑھائیں۔