ملک بھر کی طرح گیس کی شدید لوڈشیڈنگ سے کراچی کی سینٹرل جیل بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے جہاں صبح کا ناشتہ ادھورا بنا اور دوپہر کا کھانا تیار نہیں ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق کراچی کی سینٹرل جیل میں گیس لوڈشیڈنگ کی وجہ سے جیل انتظامیہ کے ساتھ ساتھ قیدی بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بدھ کی صبح گیس کے پریشر میں کمی کے باعث جیل میں قیدیوں کا ناشتہ بڑی مشکل سے تیار کیا جا سکا، اس کے بعد دوپہر کے کھانے کا مرحلہ شروع ہوا تو گیس کا پریشر مزید کم ہوگیا جس کی وجہ سے دوپہر کا کھانا تیار نہیں کیا جا سکا۔
جیل ذرائع کے مطابق قیدی اپنی مدد آپ کے تحت اپنی بیرکس میں گیس سلنڈرز یا لکڑیاں جلا کر کھانا تیار کرنے میں مصروف نظر آئے۔
جیل حکام کے مطابق سینٹرل جیل کراچی کا گیس کا ماہانہ بل 9 سے 10 لاکھ روپے آتا ہے جو باقاعدگی سے بھر دیا جاتا ہے، اس کے باوجود جیل جیسی حساس جگہ میں بھی گیس کی سپلائی متاثر ہے۔
جیل ذرائع کے مطابق سینٹرل جیل کراچی میں لگ بھگ 6 ہزار قیدی موجود ہیں، اس صورتِ حال سے قیدیوں میں شدید بے چینی پھیل گئی ہے، اب اگر شام کا کھانا تیار نہ ہو سکا تو امن و امان کی صورتِ حال خراب ہو سکتی ہے۔