سمندری طوفان ’شاہین‘ کے پیش نظر کمشنر کراچی کا آج عام تعطیل کا اعلان

کمشنر کراچی نوید شیخ کی جانب سے موسم کی ہنگامی صورتحال اور سمندری طوفان ’شاہین‘ کے پیش نظر جمعہ کو شہر قائد میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہےیہ اعلان رات گئے کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے اس سے قبل شہر کے تعلیمی اداروں کی ایک روزہ بندش کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے۔
بحیرہ عرب میں آنے والے طوفان شاہین کی وجہ سے کراچی اور صوبہ سندھ کے ساحلی علاقوں کو متاثر کرنے کی بابت محکمہ موسمیات پہلے ہی وارننگ جاری کرچکا ہے۔

کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فیکیشن کے مطابق جمعہ کو کراچی میں لازمی سروسز والے اداروں اور بارشوں کی ایمر جنسی میں خدمات انجام دینے والے سرکاری اداروں کے علاوہ تمام سرکاری دفاتر اور تمام تعلیمی ادارے بشمول کاروبار بند رہے گا۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ وارننگز میں نہ صرف شہریوں کو حفاظتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے بلکہ سمندر میں لنگرانداز جہازوں کو بھی اپنے انجن آن رکھنے کا کہا گیا ہے تاکہ طوفانی کیفیت میں وہ باآسانی کھلے سمندر میں جا سکیں۔

اس سلسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سمندری طوفان شاہین سے اربن فلڈنگ کی صورتحال بھی بن سکتی ہے جس کے نتیجے میں مکینوں کے گھروں میں پانی داخل ہو سکتا ہے۔

پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ نے موسمی صورتحال سے متعلق جاری کردہ وارننگ میں کہا ہے کہ بحیرہ عرب میں کم ہوا کا دباؤ کراچی سے دور ہے لیکن یہ بارش میں بدلنے کے بعد طوفانی صورتحال کا باعث ہو سکتا ہے۔

پی ایم ڈی کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ آج رات سے بارش شروع ہونے کے بعد آئندہ دو روز میں کراچی میں 150 ملی لیٹرز تک بارش ہو سکتی ہے جو اربن فلڈنگ کا باعث بن سکتی ہے۔

کراچی پولیس کی جانب سے بھی سیکیورٹی ڈویژن کا اربن فلڈنگ ریسکیو یونٹ شہر کے مختلف مقامات پر تعینات کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

کراچی پولیس کا اربن فلڈنگ ریسکیو یونٹ خصوصی تربیت یافتہ ایس ایس یو کمانڈوز پر مشتمل ہے۔ یہ یونٹ جدید سازوسامان اور چھوٹی کشتیوں سے لیس ہے اور24  گھنٹے الرٹ پوزیشن میں رہے گا۔

ریسکیو ٹیمیں کشتیوں کے ہمراہ ناگن چورنگی، فیروزآباد اور کورنگی کراسنگ (کازوے) کے علاقوں میں تعینات ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہری کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مددگار 15 پر فوری رابطہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں