جسٹس عمر عطا بندیال کی بطور چیف جسٹس پاکستان تعیناتی کی سمری تیار

وزارت قانون نے جسٹس عمر عطا بندیال کی بطور چیف جسٹس پاکستان تعیناتی کی سمری تیار کرلی۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد یکم فروری کو ریٹائر ہوجائیں گے، وفاقی وزارت قانون نے جسٹس عمر عطا بندیال کی بطور چیف جسٹس پاکستان تعیناتی کی سمری ایوان صدر کو ارسال کردی ہے۔

آئین کے تحت صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی جسٹس عمر عطا بندیال کی بطور چیف جسٹس تعیناتی کی منظوری دیں گے۔

صدر مملکت کی منظوری کے بعد وزارت قانون و انصاف جسٹس عمر عطا بندیال کی بطور چیف جسٹس تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کرے گی۔

جسٹس عمر عطا بندیال چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف 2 فروری کو اٹھائیں گے اور 16 ستمبر 2023 تک آئینی فرائض سرانجام دیں گے۔

واضح رہے کہ جسٹس عمر عطا بندیال جسٹس گلزار احمد کے بعد سپریم کورٹ میں سینیئر ترین جج ہیں۔

آئین کے تحت سپریم کورٹ آف پاکستان کا چیف جسٹس سینیئر ترین جج ہی ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں