بے پناہ قربانیوں کیساتھ ملک کے امن اور ترقی کی مضبوط بنیاد رکھی : جنرل باجوہ

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مشکلات اور بے پناہ قربانیوں کے ساتھ ہم نے ملک کے امن اور ترقی کی مضبوط بنیاد رکھی ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (جی سی یو) لاہور کا دورہ کیا۔ وہ یونیورسٹی کے کانووکیشن کے مہمان خصوصی تھے۔ جبکہ جی سی یو کے چانسلر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور بھی کانووکیشن میں موجود تھے۔ آرمی چیف نے مختلف گریجویٹ طلبا کو ڈگریاں اور تمغے دیئے۔ اس موقع پر آرمی چیف نے یونیورسٹی کے اساتذہ اور انتظامیہ کو ملک کے ذہین نوجوانوں کی گرومنگ پر ان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جی سی یو کو پاکستان کے تعلیمی اداروں میں نمایاں مقام حاصل ہے۔

نوجوان ہمیشہ بلند مقصد حاصل کریں اور قائد کے ویژن کے مطابق مسلسل محنت کریں۔ آرمی چیف نے پاکستان کے روشن مستقبل کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک لچکدار قوم ہیں اور نوجوان ہمارا اصل اثاثہ ہیں۔ مشکلات اور بے پناہ قربانیوں کے ساتھ ہم نے ملک کے امن اور ترقی کی مضبوط بنیاد رکھی ہے۔ اب ہمارے نوجوانوں کو پاکستان کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں