ایکنک نے کراچی کے لیے صاف پانی کا منصوبہ منظورکرلیا

ایکنک نے کراچی میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے 126 ارب روپے لاگت کے منصوبے سمیت متعدد میگا ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی۔

کراچی والوں کے لیے پینے کے صاف پانی کا دیرینہ مسئلہ جلد حل ہونے والا ہے، قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے کراچی کے لیے 26 کروڑ گیلن پانی کی فراہمی کے لیے کے فور منصوبہ منظور کرلیا۔

ایکنک کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ وفاقی حکومت نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا ایک اور وعدہ پورا کر دیا۔ 126 ارب روپے لاگت کے اس منصوبے کا نیا ڈیزائن تیار کیا گیا ہے اور سال 2023 تک 26 کروڑ گیلن پانی کراچی پہنچا دیا جائے گا۔

ایکنک نے کھاریاں تا راولپنڈی موٹر وے کی تعمیر کے منصوبے کی بھی حتمی منظوری دیدی، 96 ارب روپے لاگت کا منصوبہ 30 ماہ میں مکمل ہوگا۔

ایکنک اجلاس میں صوبہ پنجاب میں 130 ارب روپے لاگت سے چار بڑی سڑکوں کی تعمیر کی بھی منظوری دی گئی۔ ان میں کمالیہ، شورکوٹ، چوک اعظم، لیہ، حاصل پور سے بہاولنگر، وہاڑی، پاکپتن اور دیپالپور روڈ کی تعمیر شامل ہے۔ شورکوٹ سے جھنگ تک سڑک بھی تعمیر کی جائے گی۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں 133 ارب روپے کی لاگت سے سڑکیں تعمیر کی جائیں گی جبکہ جنوبی پنجاب کی 16 تحصیلوں میں پینے کے صاف پانی اور صفائی کی سہولیات کا منصوبہ بھی منظور کرلیا گیا.

اپنا تبصرہ بھیجیں