انٹرنیشنل سول ایوی ایشن کی 9 رکنی ٹیم سیفٹی آڈٹ کیلئے پاکستان پہنچ گئی

انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن اکائو کی 9 رکنی آڈٹ ٹیم پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سیفٹی آڈٹ کیلئے پاکستان پہنچ گئی۔

اکائو آڈٹ ٹیم کی سربراہی مسٹر جونجیان کررہے ہیں، سیفٹی آڈٹ میں کامیابی کی صورت میں قومی ائیر لائن پی آئی اے سمیت تمام پاکستانی ائیر لائنز پر سے یورپ کیلئے پروازوں پر عائد پابندی ختم ہوجائے گی۔

سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ہوابازی کے عالمی ادارے اکائو کی ٹیم پاکستان سی اے اے کے لائسنسنگ، ایروڈروم اور فلائٹ اسٹینڈرڈ شعبوں کا آڈٹ کرے گی۔ اس کے علاوہ آڈٹ ٹیم فلائٹ سیفٹی سمیت ائیر ٹریفک کنٹرول کے شعبوں کا بھی دورہ کرے گی۔

آڈٹ ٹیم کراچی کے جناح انٹرنشنل ائیرپورٹ ، نیو اسلام آباد ائیرپورٹ اورعلامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور کا جائزہ لے گی۔ آڈٹ ٹیم طیارہ حادثات کی تحقیقات کرنے والے ائیر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ کا دورہ بھی کرے گی۔

ذرائع کے مطابق اکائو آڈٹ ٹیم پی آئی اے کے اسلام آباد اور کراچی کے دفاتر کا بھی دورہ کرے گی اور پی آئی اے کی فلائٹ سیفٹی مانیٹرنگ کی سہولیات اور شعبہ انجینئرنگ کا بھی جائزہ لے گی۔ اس کے علاوہ آڈٹ ٹیم نجی ائیر لائن سیرین ائیرکے شعبہ انجینئرنگ کا دورہ کرے گی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کی آڈٹ ٹیم کو پری آڈٹ بریفنگ دی۔ اکائو آڈٹ ٹیم 10 دسمبر تک پاکستان سی اے اے کا سیفٹی آڈٹ کرے گی۔

اکائو کی آڈٹ ٹیم کو گزشتہ سال پاکستان آنا تھا لیکن کورونا کی سفری پابندیوں کی وجہ سے یہ دورہ تاخیر کا شکار ہوگیا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان کے ہوا بازی کے وزیر غلام سرور خان کی جانب سے پاکستانی پائلٹس کے لائسنس جعلی قرار دینے کے بعد پاکستانی ائیر لائنز پر پابندیاں عائد ہوئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں