اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے جاری اہم منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے حکومتی پالیسیوں کا موثر طریقے سے نفاذ یقینی بنایا جائے۔

 تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت  ملک میں اعلیٰ تعلیم  کے فروغ سے متعلقہ معاملات پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم نے صوبوں میں وفاقی حکومت کی معاونت سے چلنے والی  مختلف  یونیورسٹیوں میں مالی وسائل کے بہترین استعمال کے حوالے سے نظام مرتب کرنے کی ہدایت دی۔

اجلاس میں وزیراعظم  کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ہائرایجوکیشن کمیشن  کوملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے 168 منصوبوں پر 42 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، ان منصوبوں میں 29 ارب روپے مالیت کے 128 جاری منصوبے جبکہ 12 ارب روپے مالیت کے 40 نئے منصوبے شامل ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے  ملکی وسائل کے موثر استعمال  کو یقینی بنانے کی غرض سے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی اعانت سے  چلنے والے وظائف کے پروگرام  کا جائزہ لینے کی ہدایت دی جبکہ وزیراعظم نے نظام تعلیم اور یونیورسٹیوں کے حوالے سے بھی  جزا و سزا کا نظام متعارف کرانے کی  بھی ہدایت دی۔

اجلاس میں  وزیر اعظم نے تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیمی نظام کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا

عمران خان نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے جاری اہم منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے جبکہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے حکومتی پالیسیوں کا موثر طریقے سے نفاذ یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم عمران نے مزید کہا کہ نوجوانوں  کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق علم و ہنر سے آراستہ کرکے موجود مواقع سے استفادہ کرنے کے قابل بنایا جائے۔

اجلاس میں وزیر تعلیم شفقت محمود ، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین ، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر ، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن اور دیگرسینئر افسران نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں