آرمی چیف سے سعودی وزیر داخلہ کی ملاقات، علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود کی ملاقات ہو ئی، جس میں باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انٹرسروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی وزیر داخلہ کی ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعلقات پر بھی بات چیت کی گئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے جبکہ سعودی عرب کو اسلامی دنیا میں ایک منفرد مقام حاصل ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی وزیر داخلہ نے افغانستان کی صورتحال بالخصوص بارڈر منیجمنٹ کی کوششوں اور علاقائی استحکام کےلیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

اس کے علاوہ سعودی وزیر داخلہ نے سفارتی سطح پر دو طرفہ تعاون میں مزید بہتری کے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں