ورلڈ کپ میں شاندار کار کردگی کے بعدقومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے والی قومی ٹیم کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں آرمی چیف قمر جاوید باجوہ اور صدر مملکت عارف علوی نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور صدر مملکت عارف علوی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

بابر اعظم کی قیادت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گفتگو کی اور ٹیم کی کارکردگی پر انہیں سراہا۔

عشائیے میں پاکستان کے سابق کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے گرین شرٹس کے قائد بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی سے بھی بات کی، اس موقع پر آرمی چیف نے شاہین شاہ آفریدی سے فائنل میں ہونے والی انجری کے متعلق دریافت کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گرین شرٹس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی بہت اچھا کھیلتے ہیں اور ٹیم اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے محنت کریں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مجھے کرکٹ کے علاوہ ہاکی اور فٹ بال بھی بے حد پسند ہے، انہوں نے مزید کہا کہ میں کھیلوں کی بہتری کے لیے اپنی سپورٹ جاری رکھوں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں