100 سالہ شخص نے ایک ہی کمپنی میں 84 سال کام کرنے کا عالمی ریکارڈ بنادیا

10 دہائیاں دیکھنے والے شخص نے 84 سال تک ایک کمپنی میں ملازمت کا عالمی ریکارڈ قائم کرلیا۔

دنیا بھر میں اربوں افراد زندگی گزارنے کے لیے ملازمت کرتے ہیں اور 30، 40 یا 50 برس تک کام کرتے رہتے ہیں جس کے دوران وہ ایک کی بجائے کئی اداروں میں کام کرتے ہیں۔

اگر کوئی ایک ہی ادارے تک محدود بھی رہتا ہے تو وہ بھی ایک مخصوص عمر کے بعد ریٹائر ہوجاتا ہے، تو کیا آپ کو معلوم ہے کہ دنیا میں طویل ترین عرصے تک کسی ایک ادارے میں ملازمت کا عالمی ریکارڈ کس کے پاس ہے؟

اس کا جواب ہے برازیل کے والٹر اورتھ مان، جو حال ہی میں عالمی ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 100 سالہ والٹر اورتھ مان نے ایک ہی کمپنی میں 84 سال 9 دن تک کام کرکے عالمی ریکارڈ بنایا ہے۔

درحقیقت ان کی ملازمت کا عرصہ کچھ زیادہ ہے کیونکہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے 6 جنوری تک کے عرصے کو ریکارڈ کا حصہ بنایا تھا۔

والٹر اورتھ مان نے جنوری 1938 میں ایک ٹیکسٹائل کمپنی انڈسٹریز رینواکس میں شپنگ اسسٹنٹ کے طور پر کام شروع کیا تھا جب ان کی عمر 15 سال تھی، اتنی کم عمری میں ملازمت کرنے کی وجہ مالی مشکلات سے دوچار خاندان کی معاونت کرنے کی خواہش تھی۔

بعد ازاں ان کو سیلز کے شعبے میں بھیجا گیا اور وہ سیلز منیجر کے عہدے تک پہنچے۔

اپریل 2022 میں 100 ویں سالگرہ منانے والے والٹر اب بھی روز دفتر جاتے ہیں اور اتنی دہائیوں تک کام کرنے کے بعد ان کا کہنا ہے کہ کیرئیر کے بارے میں ان کا بہترین مشورہ یہ ہے کہ اچھے مالک کو تلاش کریں اور اپنے خواب کا تعاقب کریں۔

ویسے یہ عالمی ریکارڈ پہلے بھی والٹر اورتھ مان کے پاس ہی تھا جو 2018 میں اس کمپنی میں ان کے 80 سال مکمل ہونے پر قائم ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں