واٹس ایپ میں نیا فیچر کون سا متعارف ہونے جا رہا ہے؟

واٹس ایپ کی جانب سے ممکنہ طور پر چیٹس کے لیے ایسے نئے فیچرز پر کام کیا جارہا ہے جن کا انتظار صارفین کافی عرصے سے کررہے ہیں۔

واٹس ایپ میں کافی عرصے سے چیٹس کو پن کرنے کا فیچر موجود ہے تاکہ اہم بات چیت تک فوری رسائی ممکن ہوسکے۔

مگر ابھی اس فیچر سے محض 3 چیٹس کو پن کیا جاسکتا ہے۔

WABetainfo کی رپورٹ کے مطابق متعدد صارفین کی درخواستوں کے بعد واٹس ایپ نے اس حد کو 3 سے بڑھا کر 5 کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس فیچر سے صارفین کو اپنی فیڈ کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

مگر رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ فی الحال یہ ایک کانسیپٹ ہے یعنی ابھی یہ کہنا ممکن نہیں کہ مستقبل قریب میں واٹس ایپ میں یہ فیچر متعارف کرایا جاتا ہے یا نہیں۔

رپورٹ میں ایک اور کانسیپٹ فیچر کے بارے میں بھی بتایا گیا جس کی مدد سے صارفین کسی چیٹ کے اندر مخصوص پیغامات کو پن کرسکیں گے۔

یعنی پن کیے گئے میسج چیٹ ونڈو میں سب سے اوپر نظر آئیں گے۔

یہ فیچر ان حالات میں کارآمد ثابت ہوگا جب کسی گروپ چیٹ میں بہت زیادہ میسجز بھیجے جاتے ہوں تو اہم پیغامات کو اس کی مدد سے دیکھنا ممکن ہوجائے گا۔

جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ بھی کانسیپٹ فیچر ہے تو اسے متعارف کرانے کے بارے میں کچھ کہنا مشکل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں