پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کا نام نگران وزیر اعظم کے لیے تجویز کیا ہے۔
رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ صدر مملکت کے خط کے جواب میں تحریک انصاف کور کمیٹی سے مشورے اور منظوری کے بعد وزیراعظم عمران خان نے سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کا نام نگران وزیر اعظم کے لیے تجویز کیا ہے۔
صدر مملکت کے خط کے جواب میں تحریک انصاف کور کمیٹی سے مشورے اور منظوری کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کا نام نگران وزیر اعظم کیلئے تجویز کیا ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 4, 2022
خیال رہےکہ صدر مملکت نے وزیراعظم عمران اور شہباز شریف کے نام خط لکھا تھا جس میں کہا گیا کہ اسمبلی تحلیل ہونےکے تین دن کے اندر کسی ایک نام پراتفاق نہ ہو تو دونوں شخصیات دو دو نام کمیٹی کوبھیجیں گی۔
صدر مملکت کے خط میں کہا گیا کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نگران وزیراعظم کے لیے کسی ایک نام پر متفق نہیں ہوتے تو اسپیکر قومی اسمبلی 8 ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی بنائیں گے جس میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کے ارکان شامل ہوں گے جب کہ کمیٹی سابق قومی اسمبلی ارکان اور سینیٹ ارکان پر مشتمل ہوگی۔
دوسری جانب صدر مملکت کے خط سے متعلق سوال پر شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدر، عمران خان اور ڈپٹی اسپیکر نے آئین شکنی کی ہے، آئین شکن صدر کے خط کا جواب کس طرح دے سکتے ہیں۔
شہباز شریف کے جواب پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو نگران وزیراعظم کی مشاورت کا حصہ نہیں بننا تو ان کی مرضی، ہم دو نام دے چکے، سات دن میں ہمارے ناموں میں سے ایک منتخب ہوجائےگا۔