تحریک عدم اعتماد:قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج

وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائے جانے کے بعد اسپیکر اسدقیصر کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر 4بجے ہوگا۔

قومی اسمبلی اجلاس کےایجنڈے میں وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک شامل ہے۔عدم اعتماد تحریک کی اجازت ملنے پر قرارداد ایوان میں پیش کی جائے گی۔

تحریک عدم اعتماد پر 152 ارکان کے دستخط موجود ہیں۔ تحریک عدم اعتماد کا کامیاب یا ناکام بنانے کے لیے 172 ووٹ درکار ہیں۔

نمبر گیم مکمل کرنے کے لیے اپوزیشن اور حکومت دونوں ہی اتحادی جماعتوں سے رابطے میں ہیں تاہم ابھی تک اتحادیوں جماعتوں نے واضح طور پر کسی کا بھی ساتھ دینے کا اعلان نہیں کیا ہے۔

رات گئے مسلم لیگ ن کے وفد نے چودھری برادران سے ملاقات کی ۔بیان کے مطابق دونوں جماعتوں کی قیادت کے درمیان آئندہ لائحہ عمل کے بارے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔

پارلیمنٹ لاجز میں حکومتی اتحادی ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی ملاقات ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ سے تمام معاملات پر مشاورت مکمل ہو گئی ہے۔مسلم لیگ ن نے ایم کیو ایم کے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

تاہم دونوں جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہےاور کوئی واضح فیصلہ سامنے نہیں آسکا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں