جہانگیر خان ترین گروپ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز کی حمایت کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے قبل حمزہ شہباز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جہانگیر ترین گروپ کے رہنما نعمان لنگڑیال نے وزارت اعلیٰ کے لیے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کیا۔
نعمان لنگڑیال کا کہنا تھا بدقسمتی سے ڈیڑھ سال سے حکومت میں رہ کر اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے ہیں، جہانگیر ترین کی بے لوث سیاسی خدمات کے باوجود ان کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے جو انتہائی افسوسناک ہے۔
حمزہ شہباز نے وزارت اعلیٰ کے لیے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار کی حمایت کرنے پر ترین گروپ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تحریک پاکستان نے نیا پاکستان تو کیا بنانا تھا پرانے پاکستان کو بھی دفن کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل سے ہم قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں عددی اکثریت پوری کر چکے ہیں، تمام ساتھیوں کے ساتھ مل کر پاکستان اور پنجاب کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔
قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی طرح سرپرائز نہیں دوں گا بلکہ جس دن تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گی اس دن سرپرائز دوں گا۔