پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو بھی مندی کا رجحان برقرار رہا جس کے نتیجے میں کے ایس ای100 انڈیکس 290.54 پوائنٹس کی کمی سے 45652.62 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
جمعرات کو ابتدائی اوقات میں حصص خریداری کے باعث معمولی تیزی دیکھنے میں آئی جس سے 46ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی لیکن بعد میں ملک کو درپیش معاشی چیلنجز کے پیش نظر سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئرز فروخت کا دباو دیکھنے میں آیا جس کے باعث مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی جو ٹریڈنگ کے اختتام تک برقرار رہی۔
اسٹاک ایکس چینج کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو 311کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں 198کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو 42کروڑ87لاکھ 83ہزار روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ۔
واضح رہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا سلسلہ پیر کو شروع ہوا تھا جو جمعرات کو مسلسل چوتھے روز بھی برقرار رہا جس کے نتیجے میں گزشتہ 4 دنوں کے دوران مجموعی طورپر کے ایس ای 100انڈیکس میں 950 پوائنٹس کی کمی آچکی ہے۔