کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے بلوچی گانے کنا یاری سے شہرت حاصل کرنے والےگلوکار عبدالوہاب بگٹی نے بلوچستان حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی ایک رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں اب تک سیلاب سے 36 ہزار سے زائد گھرانے متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے 60 فیصد بلوچستان سے ہیں۔
ایسا ہی ایک گھر بلوچ گلوکار وہاب علی بگٹی کا ہے جنہوں نے 2022 میں کوک اسٹوڈیو کے مشہور گانے ’کنا یاری‘ سے شہرت حاصل کی تھی۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے گھر کی حالت کچھ زیادہ اچھی نہیں تھی اور جب بارشوں کا آغاز ہوا تو میں گھر کی حالت وجہ سے پریشان تھا لیکن والد مسلسل تسلی دیتے رہے۔
گلوکار نے بتایا کہ 20 اگست کو ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے ماحول مزید خراب ہوگیا اور ہم سب گھر والوں کو کھلے آسمان کے نیچے رات گزارنی پڑی جس کے بعد ایک دوست کے گھر میں پناہ مل گئی۔
وہاب علی بگٹی نے بلوچستان حکومت سے اپیل کی ہے کہ ان کا گھر دوبارہ تعمیر کرنے میں ان کی مدد کریں۔
واضح رہے کہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں پاکستان بھر میں اور خاص طور پر بلوچستان میں تباہ کن سیلاب آئے ہیں، جس سے بہت سے گھر زیر آب یا مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔