سندھ کے ٹول پلازوں پر جدید کیمرے نصب کرنے کا منصوبہ

سندھ کے داخلی و خارجی راستوں اور ہائی ویز پر 22 ٹول پلازوں کو جدید کیمروں، حساس آلات اور پولیس کی چاک و چوبند نفری سے لیس کرنے کے منصوبے پر کام شروع کردیا گیا ہے۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ کراچی حیدرآباد موٹروے، ناردرن بائی پاس اور صوبے کے تمام نیشنل ہائی ویز پر لگ بھگ 22 ٹول پلازوں پر آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس جدید ترین کیمرے نصب کرنے کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی پروگرام طرز کے یہ کیمرے ہر ٹول پلازہ سے چند کلو میٹر پہلے لگائے جائیں گے جو متعلقہ پولیس رینج اور سینٹرل پولیس آفس کراچی کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے براہ راست منسلک ہوں گے، یہ کیمرے گاڑیوں کی نمبر پلیٹ اور گاڑیوں میں سوار افراد کو چہروں سے شناخت کرکے ڈیٹا محفوظ کریں گے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس کو مطلوب کوئی بھی شخص یا گاڑی ان کیمروں کے سامنے سے گزرے گی تو کمانڈ اینڈ کنٹرول اور متعلقہ آپریٹرز کے پاس الرٹ آجائے گا، پولیس کنٹرول رومز کا عملہ متعلقہ ٹول پلازہ پر پولیس چوکیوں پر موجود پولیس اہلکاروں کو آگاہ کرے گا جہاں موجود تلاش ڈیوائزز اور باڈی وارن کیمروں سے لیس پولیس اہلکار ایسے مشتبہ افراد کو چیک کریں گے، اس سے یقینی طور پر جرائم میں ملوث ملزمان کا قلع قمع کرنے میں مدد ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں