شہباز گل اسپتال سے ڈسچارج، سینے میں پھر تکلیف کی شکایت

بغاوت پر اکسانے کے الزام میں زیر حراست پی ٹی آئی رہنما شہبازگل کو پمز اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔

پمز اسپتال اسلام آباد کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما شہبازگل کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔

اسپتال ذرائع نے بتایا کہ پمز اسپتال کے میڈیکل بورڈ نے شہباز گل کو دوائیں دے کر ڈسچارج کر دیا ہے، تاہم شہباز گل دوبارہ سینے میں درد کی شکایت کر رہے ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس شہباز گل کو آج ریمانڈ کیلئے عدالت میں پیش کرے گی۔

شہباز گل کو 17 اگست کو اڈیالہ جیل سے ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

18 اگست کو اسلام آباد پولیس نے ماتحت عدالت میں شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ جمع کرائی، جوڈیشل مجسٹریٹ راجہ فرخ علی کی عدالت میں پولیس کی جانب سے جمع کرائی گئی میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا کہ شہباز گل سانس کی تکلیف کیلئے ضرورت پڑنے پر ایک مخصوص دوا استعمال کرتے ہیں۔

میڈیکل رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ شہباز گل کندھے، گردن اور چھاتی کے بائیں جانب درد بھی محسوس کر رہے ہیں۔ ان کی ای سی جی کرائی گئی ہے۔

میڈیکل بورڈ نے ایکسرے اور کچھ مزید ٹیسٹ کرانے کا مشورہ دیا ہے، کارڈیالوجسٹ اور پلمانولوجسٹ سے طبی معائنہ بھی درکار ہے۔ رپورٹ کے مطابق شہباز گل کے مزید طبی معائنے کی ضرورت بھی پڑ سکتی ہے۔

17 اگست کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی جج زیبا چوہدری نے شہباز گل کی جسمانی ریمانڈ کی نظرثانی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے مزید 48 گھنٹے کیلئے انہیں پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔ تاہم وہ اسپتال منتقل کردیئے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں