سیہون شریف: زائرین کی وین خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ پولیس، مقامی انتظامیہ اور امدادی اداروں کے رضاکاروں کی بڑی تعداد فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچی اور جاں بحق ہونے والے افراد کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔
جائے حادثہ پر پہنچنے والے امدادی اداروں کے رضا کاروں نے زخمیوں کو علاج معالجے کے لیے نزدیکی اسپتال منتقل کیا جب کہ علاقہ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکاروں نے ثبوت و شواہد اکھٹے کرنے شروع کردیے۔
زائرین کی وین کو پیش آنے والے حادثے کے متعلق ڈپٹی کمشنر جامشورو فرید الدین مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ وین میں تقریباً 34 افراد سوار تھے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
علاقہ پولیس کے مطابق زائرین کی وین کو حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ انڈس ہائی وے پر سیلابی پانی کے لیے لگائے جانے والے کٹ میں جا گری۔
عینی شاہدین کے مطابق دریائے سندھ میں منچھر جھیل کے پانی کے اخراج کے لیے تقریباً دو ماہ قبل انڈس ہائی وے پرکٹ لگایا گیا تھا۔ جو ابھی تک بند نہیں کیا گیا ہے اور وہی حادثے کا سبب ہے۔
ڈائریکٹرعبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سیہون شریف نے اس حوالے سے ہم نیوز کو بتایا کہ اسپتال میں میتیں منتقل کی گئی ہیں۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ حادثہ تقریباً ساڑھے 9 بجے پیش آیا ہے۔
سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے سیہون شریف کے قریب پیش آنے والے ٹریفک حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر بہت رنجیدہ ہوں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ حکومت سندھ جاں بحق افراد کے لواحقین کی ہر ممکن مدد کرے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی ٹریفک حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسوسناک حادثے میں قیمتی جانوں کا ضیاع باعث صدمہ ہے، حادثے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔
بلاول بھٹو نے ہدایت کی متعلقہ حکام انڈس ہائی وے پر حادثات کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کریں، زخمی ہونے والوں کے بہترین علاج معالجےکو بھی یقینی بنائیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بھی ٹریفک حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کواپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یاب کرے، آمین۔
صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات شرجیل میمن نے جا ں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔