سعودی عرب نے پاکستان کے لیے 3ارب ڈالر کی واپسی کی مدت میں توسیع کردی

سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک کے پاس موجود 3ارب ڈالر کی واپسی کی مدت میں توسیع کردی۔

وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ سعودی عرب کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک کے پاس موجود 3ارب ڈالر کی واپسی کی مدت میں توسیع کردی۔

پاکستان کی معاشی مدد کے طور پر پیٹرولیم کی فنانسنگ بڑھانے پر اتفاق ہوا۔پاک سعودی سپریم کوآرڈنیشن کونسل کے تحت مختلف امور پر دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

اعلامیے کی مطابق سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ معاشی تعاون جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔دونوں ملکوں کا تجارت کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا،اعلامیہ
پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کی بھرپور تعاون کو سراہا گیا۔

دونوں ملکوں نے نجی شعبے،انڈسٹریز اور کان کنی کے شعبے میں تعاون پر اتفاق کیا۔ اعلامیے کے مطابق اقتصادی شعبے میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جائیں گی۔

سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے پاک سعودی بزنس کونسل کے اجلاس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔زراعت اور خوراک کے شعبوں میں نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

اعلامیہ کے مطابق دونوں ملکوں کا ابلاغ عامہ کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے ماحولیاتی ویژن کو سراہا گیا۔

ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے نئے معاہدے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔دونوں ملکوں کا دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق ہوا۔پاکستان نے سعودی گرین اور مڈل ایسٹ گرین منصوبوں میں تعاون کی پیشکش کی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں