ماسکو:روسی صدرکی وزیراعظم پاکستان سےتاریخی ملاقات

ماسکو میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی تاریخی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے خوشگوار انداز میں مصافحہ کیا۔

اس سے قبل جمعرات کو ماسکو میں موجود وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس سے متعلق خدشات درست نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دورہ معمول کےمطابق جاری رہے گا اوروزیراعظم عمران خان پروگرام کے تحت جمعرات کی رات کو وطن واپس لوٹیں گے.

روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور افغانستان سمیت خطے کی صورت حال پر بات ہوگی، جب کہ توانائی کے شعبے پر بھی عمران خان اور پیوٹن تبادلہ خیال کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات میں معاشی شراکت داری سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کریں گے۔ اس کے علاوہ عمران خان اربوں ڈالر کے گیس پائپ لائن منصوبے کی تعمیر پر بھی زور دیں گے جو روسی کمپنیوں کے اشتراک سے شروع ہونا ہے۔ خیال رہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات ایسے موقع پر ہو رہی ہے جب مغربی ممالک نے روس پر نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس سے متعلق دفترخارجہ کے اعلامیہ کے مطابق صدر ولادی میر پیوٹن اور وزیراعظم عمران خان کی ملاقات اس دورے کا اہم ترین جزو ہے۔

پاکستان کے وزیر توانائی کے ترجمان کے مطابق دونوں ممالک کی خواہش ہے کہ گیس پائپ لائن منصوبہ جلد سے جلد شروع کیا جائے۔

اعلامیے کے مطابق دونوں سربراہان مملکت کی ملاقات میں اسلاموفوبیا، افغانستان کی صورتحال اور پاک روس تجارتی تعلقات خاص طور پر توانائی کے شعبے پر بات چیت ہوگی۔ وزیراعظم اس دوران روس کے نائب وزیراعظم، سرمایہ کاروں اور تاجروں سے بھی ملیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں