وزارت مذہبی امور نے رمضان ٹرانسمیشن سے متعلق اہم قدم اٹھا لیا۔
تفصیلات کے مطابق بعض ٹی وی چینلز کی رمضان ٹرانسمیشن سے متعلق عوامی حلقوں کی جانب سے شکایات پر وزارت مذہبی امور نے رمضان نشریات کے حوالے سے صدر اور وزیر اعظم کو متعدد تجاویز ارسال کر دیں۔
وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ معاشرے میں مذہبی و مسلکی ہم آہنگی کا فروغ رمضان نشریات کی اولین ترجیح ہونا چاہیئے۔ رمضان نشریات میں متنازعہ مسائل اور مسلکی بحث سے ہر ممکن اجتناب کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان نشریات میں متنازعہ مسائل اور مسلکی بحث سے ہر ممکن اجتناب کیا جائے، رمضان نشریات کے میزبان ضروری دینی و مذہبی علم سے آراستہ ہونے چاہئیں۔
وزیر مذہبی امور نے وزیر اعظم کو تجویز دی کہ ٹی وی چینلز کے میزبان اور مہمان ماہ رمضان کے تقدس کے مطابق لباس کا انتخاب کریں، تمام مقدس شخصیات اور مسالک کے ماننے والوں کا احترام ملحوظِ خاطر رکھا جانا چاہیئے۔
پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ سحر اور افطار کے اوقات میں گیم شو اور دیگر غیر سنجیدہ پروگرامز نشر کرنے سے اجتناب کیا جائے، ماہ رمضان میں بطور خاص غیر اخلاقی، غیر مناسب اشتہارات و پروگرام نشر کرنے پر پابندی لگائی جائے۔