پی ٹی آئی آج الیکشن کمیشن کے دفاتر کےسامنے احتجاج کریگی

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے آج بروز منگل 26 اپریل کو الیکشن کمیشن کے دفاتر کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے کسی بھی ہنگامی صورت حال کیلئے وزارت داخلہ اور صوبوں سے سیکیورٹی مانگ لی ہے۔

پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے خلاف شکایت لے کر سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کر لیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے مطابق الیکشن کمیشن کے مرکزی اور ضلعی دفاتر کے سامنے مظاہرے ہوں گے.

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اپنے رویے سے لیگی کارکن لگ رہے ہیں۔ بہتر ہے کہ سکندر سلطان راجا ن لیگ میں کوئی عہدہ لے لیں۔ احتجاج سے متعلق فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمارا جو احتجاج کا مقصد ہے وہ ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ جب الیکشن کمیشن کے پاس ہمارے منحرف ارکان کیخلاف ڈیکلریشن آچکی ہے، تو وہ انہیں ڈی سیٹ کیوں نہیں کررہا۔ آئین کے مطابق انہوں نے اس پراسیس کو جلد ازجلد مکمل کرنا ہے.

پی ٹی آئی کے آج ہونے والے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد میں انتظامیہ نے الرٹ جاری کردیا ہے، جب کہ اس دوران ریڈ زون سیل رہے گا۔ پولیس کے مطابق ریڈ زون میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہے، جہاں احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس دوران ریڈ زون کے اندر اور باہر اینٹی رائٹس فورس کے خصوصی دستے تعینات ہوں گے۔ انتظامیہ نے ممکنہ احتجاج اور مظاہرے کے پیش نظر عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں اور شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ ریڈ زون میں احتجاج نہ کریں۔

پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈی چوک سے پارلیمنٹ ہاؤس جانے والے راستے کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے، جب کہ الیکشن کمیشن کی طرف جانے والے راستوں کو بھی کنٹینرز لگا کر سیل کیا گیا ہے۔ مارگلہ روڈ اور سرینہ چوک پر بھی کنٹینرز پہنچائے جائیں گے جب کہ میریٹ چوک کو بھی کنٹینرز لگا کر سیل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کنونشن سینٹر سے آنے والی شاہراہ کو بھی بند کیا جائے گا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق پرامن احتجاج تمام شہریوں کا جمہوری حق ہے، جس کا اسلام آباد پولیس احترام کرتی ہے، احتجاج ریڈ زون سے باہر، پریس کلب یا ایف نائن پارک میں ریکارڈ کروایا جا سکتا ہے لیکن ریڈ زون کے اندر کسی بھی احتجاجی مظاہرے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ اس سلسلے میں سپریم کورٹ آف پاکستان اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات واضح ہیں، امن وامان میں خلل ڈالنے یا قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، ریڈ زون کے اندر اور باہر اینٹی رائٹ فورس کے خصوصی دستے تعینات ہیں.

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں پشاور، لاہور اور ملتان کے دورں کا اعلان کردیا۔ عمران خان تینوں شہروں میں اہم سیاسی اور سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کرینگے.

اپنا تبصرہ بھیجیں