پاکستان تحریک انصاف کے 20 منحرف اراکین کے خلاف ریفرنسز الیکشن کمیشن کو بھجوا دیئے گئے ہیں۔
اس حوالے سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے 20 منحرف اراکین کے خلاف ریفرنس موصول ہوئے تھے جنہیں 2 دن کے اندر الیکشن کمیشن کے اندر بھجوانا ضروری تھا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے بتایا ہے کہ ان اراکین پر الزام ہے کہ انہوں نے پارٹی قیادت کی ہدایات پر خلاف ورزی کی اور اپوزیشن بنچوں پر بیٹھے تھے اور انہوں نے پارٹی کی پالیسیوں کے خلاف ووٹ دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے واضح کیا ہے کہ ان 20 اراکین نے تحریک عدم اعتماد کے دوران اپوزیشن کو ووٹ نہیں دیا اور نہ ہی شہباز شریف کے بطور وزیر اعظم انتخاب میں ووٹ ڈالا ہے۔
آئین کے تحت 20 منحرف اراکین کے خلاف نا اہلی کا ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوایا گی ہے جس کی تصدیق بھی کردی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن ان ریفرنسز پر 30 دن میں اس پر فیصلہ کرے گا۔
خیال رہے کہ جن منحرف اراکین کے خلاف ریفرنسز الیکشن کمیشن بھجوائے گئے ہیں ان میں راجہ ریاض احمد، نور عالم خان، وجیہہ قمر، ملک نواب شیر وسیر ، رمیش کمار، افضل ڈھانڈلا، احمد حسین ڈیہر، رانا قاسم نون ، عبد الفغار وٹو، مخدوم باسط بخاری ، عامر طلال گوپانگ کے نام شامل ہیں۔
اراکین میں سردار ریاض محمود خان، نزہت پٹھان، سید مبین احمد،امجد فاروق کھوسہ، سید سمیع الحسن گیلانی، عامر لیاقت حسین، جویریہ ظفر ، عاصم نذیر اور چوہدری فرخ الطاف شامل ہیں۔