آئندہ مالی سال کے لیے وفاقی بجٹ میں سابق وزیر اعظم عمران خان کا ’’صحت سہولت پروگرام‘‘ جاری رکھنے کی تجویز سامنے آئی ہے، جس کے لیے 2 ارب 50 کروڑ روپےمختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
وفاقی بجٹ 23-2022 کی دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال صحت کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 12 ارب 4 کروڑ روپے مختص کرنےکی تجویز دی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال صحت کے 32 منصوبے جاری رکھنے کی تجویز دی گئی، صحت کے جاری منصوبوں کے لیے 11 ارب 44 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کرنےکی تجویز بھی دی گئی۔
پمز میں ایمرجنسی سینٹر کےجاری منصوبے کے لیے ایک ارب روپے مختص کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے، اسلام آباد میں جناح اسپتال کی تعمیر کے لیے 2 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی۔
دستاویز کے مطابق سینٹر فار ایکسیلینس فار گائنی راولپنڈی کے لیے ایک ارب روپے مختص کرنے کی تجویز رکھی گئی، آئندہ مالی سال کے دوران 3 نئے منصوبے شروع کرنے کی تجویز دی گئی، صحت کے 3 نئے منصوبوں کیلئے 60 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق اسلام آباد میں کینسر اسپتال کی تعمیر کے لیے 25 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے، نیشنل ہیلتھ پروگرام شروع کرنے کے منصوبہ کیلئے 25 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی، نیشنل ہیلتھ پروگرام کیلئے غیر ملکی فنڈنگ دی جائے گی۔