اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے پشاور موڑ تا نیو اسلام آباد ایئرپورٹ میٹرو بس سروس کا افتتاح کردیا۔
عوامی مفاد کے اس منصوبے سے 50 ہزار شہریوں کو یومیہ سفری سہولت میسر ہوگی، منصوبے کی تکمیل پر 16ارب روپے کی لاگت آئی، منصوبے پر تعمیرات کا آغاز جنوری2017 میں ہوا تھا جبکہ وزیراعظم کی ہدایت پرمنصوبےایک ہفتےمیں مکمل ہوا۔
اس سے قبل 16مارچ کو وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور موڑ تا نیواسلام آباد ایئرپورٹ میٹرو بس منصوبے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے منصوبہ فعال کرنے کا حکم دیا۔
حکام نے بریفنگ میں بتایاکہ ابتدائی طور پر منصوبے کیلئے 15بسیں مہیا کی جا رہی ہیں ،جو ہفتے سے چلائی جائیں گی۔
شہباز شریف نے 4 سال سے التواء کے شکار منصوبے کا جائزہ لیا اور تاخیر کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ میٹرو منصوبے پر التواء کا کوئی جواز نہیں بنتا، 16ارب خرچ ہونے کے باوجود منصوبہ التواء کا شکار ہونا قابل افسوس ہے۔
دوسری جانب ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں بتایا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سی ڈی اے کو 16 مارچ کو میٹرو بس پشاور موڑ تا ایئرپورٹ تک چلانے کی ہدایت کی ہے، وزیراعظم نے بہارہ کہو، روات تا پشاورموڑ میٹرو بس چلانے اور موٹروے کنکشن کی فزیبیلٹی فوری بنانے کا بھی حکم دیا ہے۔