اسلام آباد: صدر ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے برطرفی کی سمری پر فیصلہ ہونے تک اپنے دفتر میں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
ایوان صدر کی جانب سے مختصر بیان کہا گیا ہے کہ بطور گورنر پنجاب اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں جب تک کہ سمری پر کوئی فیصلہ نہیں ہو جاتا۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو اپنے عہدے پر کام جاری رکھنے کی ہدایت
گورنر پنجاب برطرفی کی سمری پر فیصلہ ہونے تک اپنے فرائض انجام دیتے رہیں، صدر مملکت کی ہدایت
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) April 18, 2022
عمر سرفراز چیمہ کی جانب سے ان کے انتخاب کے عمل پر تحفظات کا اظہار کرنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار کو اپنے بیٹے حمزہ شہباز کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب حلف برداری کی راہ ہموار کرنے کے لیے صدر کو بھیجی گئی سمری کے ذریعے گورنر پنجاب کو برطرف کردیا۔
بزنس ریکارڈر کے مطابق پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) کے صدر احمد بلال محبوب نے کہا کہ آئین کا نچوڑ یہ ہے کہ صدر آئین کی طرف سے انہیں بھیجی گئی سمری کو قبول کرنے کا پابند ہے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ صدر آئین کے آرٹیکل 48 کا فائدہ اٹھا کر گورنر کو ڈی نوٹیفائی کرنے سے پہلے 25 دن کیلئے سمری کو قبول کرنے میں تاخیر کر سکتے ہیں۔