اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے گندم ذخیرہ اندوز کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت آٹے کی قلت اور ذخیرہ اندوزی کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم نے گندم کے موجودہ ذخائر پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو گندم کی مصنوعی قلت پیدا کر کے ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دیں گے جبکہ صوبے اپنے اور پاسکو کے ذخائر سے گندم کی فلور ملز تک بروقت رسد یقینی بنائیں۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ صوبے گندم اور آٹے کی بروقت ترسیل کے لیے اپنی گورننس بہتر بنائیں، حکومتی اقدامات سے 40 کلو کے تھیلے کی قیمت میں تقریباً ایک ہزارروپے کی کمی ہوئی ہے۔
انہوں ںے کہا کہ متعلقہ ادارے آٹے اور گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت اقدامات کریں اور حکومت آٹے کی مصنوعی قلت سے مہنگائی پیدا کرنے والوں کو قرار واقعہ سزا دے گی۔