پمز میں ڈاکٹرز کی جانب سے شہباز گل کا ابتدائی طبی معائنہ مکمل

اسلام آباد کے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(پمز) میں ڈاکٹرز کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کا ابتدائی طبی معائنہ مکمل کر لیا گیا ہے۔

شہباز گل کا سیچوریشن لیول 97 اور بلڈ پریشر 70ـ110 ریکارڈ کیا گیا ہے، شہباز گل کو بخار کی شکایت بھی نہیں ہے جبکہ ان کا کورونا ٹیسٹ کا نمونہ بھی لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔

پمز ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ کی ابتدائی رپورٹ میں شہباز گل کی صحت کو تسلی بخش قرار دے دیا گیا ہے، پمز کے کارڈک سینٹر میں شہباز گل کا طبی معائنہ کیا گیا، میڈیکل بورڈ نے اڑھائی گھنٹے سے زائد وقت میں طبی معائنہ مکمل کیا۔

شہباز گل کی تمام ٹیسٹ رپورٹس موصول ہونے کے بعد اسپتال میں رکھنے یا ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

پمز میں پی ٹی آئی کے رہنما اعجاز چوہدری نے شہباز گل سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز گل کے کمرے کو پولیس نے گھیررکھا ہے، اندر کوئی اور مخلوق کے لوگ بھی موجود ہیں، چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں کہ نوٹس لیں۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کی رہنما ملیکہ بخاری نے بھی پمز کا دورہ کیا۔

گزشتہ روز تحریک انصاف کے گرفتار رہنما شہباز گل کو اڈیالہ جیل انتظامیہ نے کئی گھنٹے تاخیر کے بعد اسلام آباد پولیس کے حوالے کیا تھا۔

جیل انتظامیہ کا شہباز گل کو اسلام آباد پولیس کو حوالے نہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل ایک حساس مقام ہے یہاں ہجوم نہ لگایا جائے، رات تک جیل کی حدود میں غیر متعلقہ اہلکاروں کا موجود ہونا خطرناک صورتحال کا باعث ہوسکتا ہے۔

اس سے قبل اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے پی ٹی آئی رہنماشہبازگل کا مزید2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں 48 گھنٹے کے لیے پولیس کے حوالے کیا تھا ۔

تاہم طبیعت ناسازی کے باعث جیل انتظامیہ نے ملزم کو وفاقی پولیس کے حوالے کرنے سے معذرت کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں