پاک فوج نے بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاونڈ پر قابض 25 دہشتگرد ہلاک کردیے۔آپریشن میں3 اہلکار شہید ہوئے۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ بنوں میں سی ٹی ڈی کے کمپاؤنڈ میں فائرنگ کے تبادلے میں پچیس دہشت گرد مارے گئے،سات نے سرنڈر کیا جبکہ تین فرار ہوتے ہوئے گرفتار ہوئے۔
آپریشن میں پاک فوج کا ایک صوبیدار اور دو سپاہی شہید ہوئے۔ تین افسران سمیت دس جوان زخمی بھی ہوئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر حملہ کرنے والےدہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اٹھارہ دسمبر کو بنوں میں سی ٹی ڈی کمپلیکس میں زیر تفتیش پینتیس دہشگرد موجود تھے۔
سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر باہرسے کوئی حملہ نہیں ہوا۔ سی ٹی ڈی کی تحویل میں ہی دہشتگروں نے یہ صورت حال پیدا کی۔ زیرتفتیش دہشت گردوں میں سے ایک نے سی ٹی ڈی جوان کا ہتھیار چھین کر فائرنگ کی تھی دہشت گرد افغانستان جانے کے لیے محفوظ راستہ مانگ رہے تھے،فرارکی کوشش ناکام بنادی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ، شہدا کی عظیم قربانیاں ہمارے عزم کو بڑھاتی ہیں۔ مغربی سرحد سے دہشت گردی کی جوتازہ لہر ہے اسے ابھرنے نہیں دیا جائے گا، جو ہمارے خلاف آئے گا اس کا سر کچلنے کی پوری ہمت اور ارادہ رکھتے ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے تحریک طالبان پاکستان سے متعلق پالیسی بھی دوٹوک انداز سے واضح کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کے جتھے یا دہشت گرد گروہ کو پنپنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، حکومت کی رٹ ہرصورت قائم کی جائے گی۔