ملک بھر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں،جس کے باعث مزید 24 افراد جاں بحق ہوگئے، اموات کی مجموعی تعداد 1314 ہوگئی۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے حالیہ بارشوں اور سیلاب میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں اور سیلاب نے 24 افراد کی جان لے لی، جس کے بعد ملک بھر میں 14 جون سے اب تک 1314 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 585مرد ،262 خواتین اور 458 بچے شامل ہیں۔
بارشوں اور سیلاب کے باعث سب سے زیادہ اموات سندھ میں 511، بلوچستان میں 260 اور خیبرپختونخوا میں 289 رپورٹ ہوئیں۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹے میں مزید 115 افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں ملک بھر سے کل زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 12703 بتائی گئی ہے،جن میں سندھ سرفہرست ہے، جہاں زخمی افراد کی تعداد8321 رپورٹ ہوئی۔
سیلاب کے دوران ملک بھر کے 5 لاکھ 57 ہزار 891 گھر مکمل طور پر تباہ جبکہ 11 لاکھ 24 ہزار 835 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ سیلاب کے باعث ملک بھر میں 7 لاکھ 50 ہزار سے زائد مویشیوں اور 246 پلوں کو نقصان ہوا۔
حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث 5735 کلو میٹر پر مشتمل سڑک کو نقصان پہنچا ہے۔