پاکستان کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری، موسم سرد ہو گیا

ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری سے موسم سرد ہو گیا۔

ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری سے پہاڑوں کو ڈھک لیا۔ سوات اور مالم جبہ میں موسم سرما کی پہلی برفباری سے موسم ٹھنڈا ٹھار ہو گیا۔

گزشتہ رات سےچلاس اور مضافات میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی ۔پارا چنار اور کوہ سفید پر بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

وادی گلیات میں برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔سیاحتی مقامات ایوبیہ ،شانگلہ گلی، ڈونگا گلی ،نتھیا گلی اور ٹھنڈیانی میں دو انچ تک برف ریکارڈ کی گئی۔

ملکہ کوہسار مری میں ہلکی بارش سے موسم سرد ہوگیا۔کہوٹہ اور کوٹلی ستیاں میں بھی ہلکی بارش کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی۔

وادی نیلم میں بارش اور برف باری کے باعث کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا۔ آٹھمقام اور گرد ونواح میں بارش جبکہ شاردہ ،کیل ،لوات بالا ،سرگن ،شونٹھر ،گریس ،تاؤبٹ ،رتی گلی ،جاگراں اور بابون میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی ہے۔وادی تیراہ کے علاقے راجگل و میدان میں پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے

آزاد کشمیر کی وادی لیپہ کے پہاڑوں پر بھی برف کے گالے اتر آئے۔ رات سے بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

لاہور ،اسلام آباد، ملتان، بہاولپور، ساہیوال ،چیچہ وطنی ،سرگودھا،گجرات، کوہاٹ،بنوں سمیت کئی شہروں میں بارش سے موسم سرد ہو گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں