ملک کے مختلف حصوں میں آٹے کی قیمت میں اضافہ ،فی کلو 135 روپے تک پہنچ گیا

کراچی ، لاہور ، پشاور میں قیمت کنٹرول کرنے کے حکومتی اقدامات بے نتیجہ ثابت ہور ہے ہیں، کراچی لاہور اور پشاور میں آٹے کی قیمت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق 15 کلو آٹےکا تھیلا 1550 سےلےکر 2600 روپے تک میں فروخت ہونےلگا، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں فلور ملز کو سرکاری گندم کا اجراءشروع نہ ہونے سے صورتحال بگڑنےلگی، قیمتوں میں مسلسل اضافے سے عوام پریشان ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں میں تقسیم کے لیے بھی آٹےکی طلب میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے، کئی شہروں میں نجی گندم کی قیمت 3500 روپےفی من سےبھی زیادہ ہوگئی،پشاور میں نجی گندم کی قیمت 3550 روپے من، کراچی میں 3600 روپے، راولپنڈی 3625 روپے ، لاہور میں 3500 روپے من تک پہنچ گئی۔

بلوچستان میں گندم نہ ہونے سے فلورملز بند ہوگئیں اور پنجاب سے آنے والے آٹے کی قیمت2600 روپے سے زائد ہوگئی۔

وفاقی حکومت نے گندم کی قیمتوں کو کم کرنے کیلئے نجی شعبے کو امپورٹ کی اجازت دینے پر دوبارہ غور شروع کردیا ہے ، گزشتہ ہفتے اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بھی نجی شعبہ کو 8 لاکھ ٹن گندم امپورٹ کی سفارش کی تھی جسے وفاقی کابینہ نے مسترد کردیا تھا ۔

پنجاب میں آئندہ ہفتے سرکاری گندم کی قیمت میں ممکنہ اضافے پر دکانداروں اور ڈیلرز نے ذخیرہ اندوزی بھی شروع کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں