کراچی میں اورنگی ٹاؤن میٹرو سینیما پلاٹ اراضی پر صدف مال تعمیر کرنے کا کیس عدالت پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں اورنگی ٹاؤن میٹرو سینیما پلاٹ اراضی پر صدف مال تعمیر کرنے کا کیس عدالت پہنچ گیا جس پر عدالت نے ڈی جی ایس بی سی اے، ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو نوٹس جاری کردیے۔
سندھ ہائی کورٹ نے فریقین سے چار ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔
عظمی رفیق ایڈووکیٹ نے عدالت سے کے سامنے درخواست میں مؤقف پیش کیا کہ سینما گرا کر مال بنایا دیا گیا۔
جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار خود نارتھ ناظم آباد میں رہتا ہے۔ درخواست گزار کیا کام کرتا ہے؟
عدالت نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار نارتھ ناظم آباد میں رہتا ہے اور اورنگی کی نشاندھی کر رہا ہے جس پر ایڈووکیٹ عظمٰی رفیق نے عدالت سے کہا کہ مفاد عامہ کا معاملہ ہے اور کوئی بھی شہری آ سکتا ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ سیکٹر تھری اورنگی ٹاؤن کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کو روکا جائے۔ نوٹس کے ساتھ حکم امتناعی بھی جاری کیا جائے۔
جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے کہا کہ پہلے جواب آنے دیں پھر کارروائی کا حکم دیں گے۔