میرے بیٹے سوشل میڈیا پر نہیں ہیں: جمائما گولڈ اسمتھ

سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور برطانوی اسکرین رائٹر جمائما گولڈ اسمتھ نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے دونوں بیٹوں کا سوشل میڈیا پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان اور جمائما کے بیٹوں کے نام سے منسوب اکاؤنٹس پر اُن کی پُرانی تصاویر شیئر کی جارہی ہیں۔

ان تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے عیدالفطر کی مبارکباد دی گئی تاہم جمائما نے ان اکاؤنٹس کا جعلی قرار دے دیا ہے۔

جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنے بیٹے کے نام سے منسوب ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ جعلی اکاؤنٹ ہے، براہ کرم رپورٹ کریں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ خدا کا شکر ہے، میرے بچے سوشل میڈیا پر نہیں ہیں۔

جمائما کے بیٹے کے نام سے منسوب دوسرے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پیغام جاری کیا گیا کہ وہ عید پر اپنے والد عمران خان کو بہت یاد کررہے ہیں۔

اس اکاؤنٹ کو بھی جعلی قرار دیتے ہوئے جمائما نے اکاؤنٹ کو رپورٹ کرنے کی اپیل کی۔

واضح رہے کہ جمائما اور عمران خان کی شادی 1995 میں ہوئی تھی، جمائما نے عمران خان کے ساتھ 1995 سے 2004 تک 9 سال لاہور میں گزارے۔

جمائما اور عمران خان کے 2 بیٹے سلیمان اور قاسم ہیں، جو اس وقت لندن میں زیر تعلیم ہیں اور اپنی والدہ جمائما گولڈ اسمتھ کے ہمراہ رہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں