محکمہ تعلیم سندھ نے نیا تعلیمی سال یکم اگست سے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
سندھ کے وزیر تعلیم سردار شاہ کی صدارت میں محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری تعلیم سمیت دیکر اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس میں نئے تعلیمی سال 2022-23 کے آغاز، نئے سال میں نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں میں داخلوں، امتحانات کے شیڈول، اسپورٹس اور غیرنصابی سرگرمیوں پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیا تعلیمی سال یکم اگست سے شروع ہوگا جبکہ چوتھی سے آٹھویں کے امتحانات دو مئی، نویں اور دسویں کے بورڈ امتحانات 17 مئی سے ہوں گے اور ان کا نتیجہ 17 جولائی تک جاری کیا جائے گا۔
گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات 15 جون سے لینے کا فیصلہ کیا گیا، امتحانی پیپرز میں 40 فیصد MCQs اور 60 فیصد تفصیلی سوالات ہوں گے۔
موسم گرما کی چھٹیاں یکم جون سے 31 جولائی جبکہ موسم سرما کی تعطیلات 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک ہوں گی۔