نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے اعلامیے میں سازش کا ذکر نہیں ہے: ترجمان پاک فوج

ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ خط کے حوالے سے نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے اعلامیہ میں وضاحت کرچکے، پاکستان کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے اعلامیے میں سازش کا ذکر نہیں ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ 2 روز پہلے فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی، کانفرنس میں سکیورٹی، انٹیلی جنس سے متعلق بریفنگ دی گئی، پاک فوج اور متعلقہ ادارے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، پاکستان کی داخلی اور بارڈر سکیورٹی مستحکم ہے، بلوچستان میں دہشتگردی کی کوششوں کو ناکام بنایا گیا، آخری دہشتگرد کے خاتمے تک دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی، سخت حالات کے باوجود او آئی سی کانفرنس، آسٹریلوی ٹیم کے دورہ کو یقینی بنایا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ 3 ماہ کے دوران 128 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، رواں سال کے پہلے 3 ماہ میں 270 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا، پاک فوج کے 168 افسران اور جوان اقوام متحدہ کے امن مشن میں جام شہادت نوش کرچکے، 97 افسروں اور جوانوں نے دہشتگردوں کیخلاف کارروائی میں جام شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فوج کوسیاست میں مت گھسیٹیں، یہ مہم پہلے کامیاب ہوئی نہ اب ہوگی، افواج پاکستان کی قیادت کیخلاف پروپیگنڈا مہم چلائی جا رہی ہے، افواہوں کی بنیاد پر بے بنیاد کردار کشی کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں، عوام اور فوج کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں