قومی کرکٹ ٹیم بھارت جائے گی یا نہیں، چیئرمین کرکٹ بورڈ نے بتا دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ بھارت جانے نا جانے کا فیصلہ حکومت کا ہوتا ہے۔

کراچی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگوکے دوران نجم سیٹھی نے کہا کہ جب نئی حکومت آئی تو میں نے فیصلہ کیا کہ عہدہ چھوڑ دوں، نئی حکومت ہے نئی ٹیم بنائی جائے، میرے خلاف اس وقت بڑے الزامات تھےتوسوچا کوئی بدمزگی نہیں ہو۔

مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پچھلے 4 سال میں پی سی بی کے کسی معاملے پر کوئی کمنٹ نہیں کیا،تھوڑا بہت دکھ ہوتا تھا جب میرے رکھےلوگ نکال دیے گئے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ مکی آرتھر کو ہم لائے تھے، اس نے ٹیم کو بنایا، ٹیم میں ڈسپلن قائم کیا اور نتائج آئے، بابر اعظم کو پہلی بار پہچاننے والے بھی مکی آرتھر تھے، مکی سے بات ہوئی کہ آپ ہمیں بتائیں کہ کون سے کوچز ہونے چاہییں، 8 سے 10 دن میں معلوم ہوگا کہ کون سے کوچز آسکتے ہیں۔

ورلڈ کپ کے بھارت میں انعقاد اور پاکستان کی شرکت کے حوالے سے نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارت جانے نا جانے کا فیصلہ حکومت کا ہوتا ہے، اگر حکومت کہے گی تو ہم جائیں گے، اگر حکومت منع کرے گی تو ہم نہیں جائیں گے، بی سی سی آئی کا فیصلہ بھی حکومت کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں