نادرا سینٹری ورکر ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر بن گیا

نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) میں 19 سال تک گریڈ 02 کے سینٹری ورکر کے طور پر کام کرنے والے تاج محمد کی محنت رنگ لے آئی۔

تاج محمد حال ہی میں امتحان پاس کر کے نادرا میں ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعینات ہوئے ہیں۔

تاج محمد نے کام کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھی اور کمپیوٹر سائنس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی، امتحان کے بعد انہیں ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر آفیسر گریڈ کے عہدے کے لیے چنا گیا۔

تاج محمد نے گریڈ ٹو پر بھرتی کے بعد ہمت نہیں ہاری اور ایف اے مکمل کیا، پھر گریجویشن کیا، اور پھر اپنے افسران کی تجویز پر کوئٹہ یونیورسٹی سے ایم سی ایس کمپیوٹر سائنس مکمل کیا۔

اس عرصے کے دوران انہوں نے شادی کی اور ایک بیٹی کے باپ بنے۔بدقسمتی سے بیٹی میں تھیلیسیمیا میجر کی تشخیص ہوئی تھی۔ بچی کا علاج، نوکری، تعلیم سب ساتھ ساتھ جاری رہنا رکھا اور بالآخر انہیں اپنی محنت کا ثمر مل گیا۔

تاج محمد نے آن لائن امتحان پاس کرنے کے بعد انٹرویو پاس کیا، نادرا کے چیئرمین طارق ملک نے انہیں ترقی کا خط بھجوایا۔

طارق ملک نے تاج محمد کی تصویر کے ساتھ ایک ٹوئٹ بھی شیئر کیا جس مین انہوں نے کہا کہ ’ آئیے کھلی آنکھوں سے خواب دیکھتے ہیں۔‘

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا کہ ’ملیے نادرا سینٹر پشین، بلوچستان کے سینٹری ورکر گریڈ 2 کےملازم تاج محمد سے جو دوران ملازمت کمپیوٹر سائنس میں ماسٹرز کے بعد بغیر کسی سفارش کے آن لائن مسابقتی ٹیسٹ و انٹرویو میں نمایاں پوزیشن لے کر ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر آفیسر گریڈ کیلئے منتخب قرار پائے۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں