بین المذاہب رہنماؤں نے بھارت میں نبی کریمﷺ کی شان اقدس میں کی جانے والی گستاخی کی شدید مذمت کرتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں سے بھارتی مصنوعات کی مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔
یہ اپیل قومی اقلیتی کمیشن پاکستان کے اہم اجلاس میں کی گئی جو چیئرمین ڈاکٹر چیلا رام کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں چئیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے بھی شرکت کی۔
قومی اقلیتی کمیشن کے اجلاس میں البرٹ ڈیوڈ، سردار ممپال سنگھ، سارہ صفدر، بیگم روشن آرا اور سردار سروپ سنگھ سمیت دیگر نے شریک کی۔
ڈاکٹر چیلا رام نے اس موقع پر کہا کہ دین اسلام اور دیگر مذاہب عالم احترام انسانیت،امن و محبت کا درس دیتے ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم مودی تمام اقلیتوں پر مسلسل جارحیت کا ارتکاب کر رہا ہے۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ مودی کی دہشت گرد حکومت بھارت میں مذہبی آزادی پامال کررہی ہے، بھارت نے تمام اقلیتوں پر ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔
شرکائے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے البرٹ ڈیوڈ نے کہا کہ بھارت میں نبی کریمﷺ کی شان میں گستاخی کی مذمت کرتے ہیں جب کہ سارہ صفدر نے کہا کہ دہشت گرد مودی صرف مسلمانوں کا ہی نہیں بلکہ تمام اقلیتوں کا دشمن ہے۔