وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان سے ٹیلی فون پررابطہ کیا اور انہیں تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی، اور کہا کہ حافظ نعیم کے جو بھی جائزخدشات ہیں انہیں دورکیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی الیکشن مسائل پر الیکشن کمیشن سے رابطہ کرے، جومسائل سندھ حکومت سے متعلق ہیں انہیں ہم حل کرنے میں میں کردارادا کریں گے۔
دوسری جانب حافظ نعیم الرحمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے رابطہ کیا ہے، اور کہا ہے ہم مل کر چلنا چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ سے میئر شپ پر کوئی بات نہیں ہوئی۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ سعید غنی کہتے ہیں ٹی وی پربیٹھنے سے کچھ نہیں ہوگا، مرتضیٰ وہاب کہتے ہیں دھرنے دینے سے کچھ نہیں ہوگا، مسئلہ حل نہیں کیا جائے گا تو تمام آپشنز موجود ہیں، پی ٹی آئی سے اتحاد کاآپشن کھلا ہے، ہمارا آئینی اور جمہوری حق کوئی نہیں چھین سکتا، ہم اپنے مینڈیٹ کا پورا تحفظ کریں گے۔
امیرجماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ جولوگوں نے مینڈیٹ دیا ہے اس کا احترام ہونا چاہیے، ہم پیپلزپارٹی کے جائزمینڈیٹ کو تسلیم کرتےہیں، پیپلزپارٹی کو بھی چاہیے ہمارےمینڈیٹ کو تسلیم کرے۔