پاک سرزمین کے تحفظ کیلئے جان دے کر نشانِ حیدر کا اعزاز پانے والے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا 57واں یومِ شہادت آج 12 ستمبر کو منایا جارہا ہے جنہیں 1965 کی پاک بھارت جنگ میں دشمن کی توپوں کو خاموش کرادینے کا اعزاز حاصل ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کا کہنا ہے کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی 57ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر جی اوسی میجر جنرل ہارون اسحاق راجہ نے لادیاں میں یادگار پر حاضری دی، فاتحہ پڑھی اور پھول چڑھائے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آنرپیش کیا، تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد اور فوجی حکام نے شرکت کی۔
1965 کی پاک بھارت جنگ میں مادر وطن کے دفاع کی خاطر اگلے مورچوں پر اپنی جان قربان کرنے والے شہید راجا عزیز بھٹی 6 اگست1923 کو ہانگ کانگ میں پیدا ہوئے تھے۔
میجر راجا عزیز بھٹی 12 ستمبر کو صبح کے ساڑھے نو بجے دشمن کی نقل وحرکت کا دوربین سے مشاہدہ کررہے تھے کہ ٹینک کا ایک فولادی گولہ ان کے سینے کو چیرتا ہوا پار ہوگیا، انہوں نے برکی کے محاذ پر جام شہادت نوش کیا۔
میجر راجا عزیز بھٹی کی جرات و بہادری پر انہیں نشان حیدر سے نوازا گیا تھا، راجا عزیز بھٹی شہید یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے تیسرے سپوت تھے۔