جس مائی کے لعل میں ہمت ہے وہ اسمبلی جانے سے روک کر دکھادے، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد:سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے حکومت کو 10لاکھ لوگ ڈی چوک میں لانے کے بجائے 172 ارکان ایوان میں پورے کرنے کا مشورہ دے دیا اور کہا کہ جس مائی کے لعل میں ہمت ہے وہ اسمبلی جانے سے روک کر دکھادے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے مسلم لیگ (ن)کے رہنماءشاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ضرور 10لاکھ لوگ لائیں لیکن وہ عدم اعتماد کے ووٹ کو نہیں روک سکتے،جب آدمی کے پاس کچھ نہ رہے تو وہ گالم گلوچ پر اتر آتا ہے، وزیراعظم تو پہلے ہی اس پر اتر آئے ہیں، یہ دھمکیاں آپ کو مہنگی پڑیں گی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جس مائی کے لعل میں ہمت ہے وہ اسمبلی جانے سے روک کر دکھا دے ،آپ کودھمکیاں مہنگی پڑیں گی ،عوام کی آواز کو جو روکے گا اس کو جواب ملے گا،جو حکومت سڑکوں کا رخ کرے وہ ناکام ہو چکی ہوتی ہے۔

مسلم لیگ (ن)کے رہنماء نے مزیدکہا کہ ہمارے کچھ ممبران کو نیب کی طرف سے نوٹس آئے ہیں نیب کو بتانا چاہتا ہوں آپ کو اس کا جواب دینا پڑےگا، نیب کا کام تحریک عدم اعتماد میں مداخلت کرنا نہیں ہے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اہلکاروں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ جو اہلکار بھی حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کا آلہ کار بنے بنے گا،وہ اپنے کےہ کا ذمہ دار ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں