پاکستان کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو اور اداکار منیب بٹ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ساتھ لندن میں پیش آئے واقعے کے خلاف بول پڑے۔
عتیقہ اوڈھو نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مریم اورنگزیب کی ویڈیو جاری کی اور ساتھ ہی لکھا کہ آپ بھلے کسی کی سیاست سے متفق نہ ہوں لیکن اس نوعیت کی ہراسانی سب کے لیے ناقابل قبول ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا ایسا رویہ دنیا بھر میں پاکستان کا تاثر خراب کرتا ہے، وہ مسائل کے حل کے بجائے خود مسئلے کا حصہ بن رہے ہیں، میں اپنے مداحوں اور دوستوں سے گزارش کرتی ہوں کہ ایسا بچگانہ رویہ اختیار کرنے سے آپ کو کچھ حاصل نہیں ہوگا، آپ اپنے باوقار انداز (ووٹنگ) سے اپنے جذبات کا اظہار کریں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی ہمیشہ حمایت کرنے والے اداکار منیب بٹ نے بھی اس واقعے کی مذمت کی ہے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں اداکار نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ‘یہ سراسر غلط حرکت ہے’۔
One more …. 🙈😆 pic.twitter.com/Nmlm0xQupG
— کراچی والی (@Karachi__Wali) September 25, 2022
انہوں نے کہا کہ ‘یہ کلچر پاکستانی سیاست کو کہیں نہیں لے کر جائے گا ‘۔
خیال رہےکہ ایک روز قبل مریم اورنگزیب کو لندن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان نے ایک کیفے میں گھیر لیا تھا، مرد و خواتین کی جانب سے ان پر پاکستان کے عوام کا پیسا لندن میں لٹانے کا الزام لگایا گیا، ساتھ ہی ان کے لیے نامناسب زبان کا بھی استعمال کیا گیا.