لاہور ہائی کورٹ نے تھیٹرز کو رات 8 کے بجائے ساڑھے گیارہ بجے تک کھلے رہنے کی اجازت دے دی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے لاہور کے تھیٹروں کو رات 8 بجے بند کرنے کے اقدام کے خلاف پنجاب آرٹسٹ پروڈیوسر اینڈ تھیٹرز ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ تھٹیرز کو رات گیارہ بجے سے رات ایک بجے تک چلانے کی اجازت دی جائے۔
سرکاری وکیل مخدوم ٹیپو نے موقف اختیار کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر مارکیٹوں کو رات 8 بجے بند کیا جا رہا ہے، تھیٹرز رات دیر تک چلنے کی وجہ سے تمام طبقات زندگی کے لوگ اپنے روزگار پر دیر سے پہنچتے ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اسموگ کے خاتمے کے لیے ہمیں اپنا طرز زندگی بدلنا ہوگا، عدالت یہ سب کچھ لوگوں کے لیے کر رہی ہے، اسموگ کے خاتمے کے لیے سارے شہر کو رات جلدی سو جانا چاہیے۔
عدالت نے تھیٹرز کو رات ساڑھے نو بجے سے رات ساڑھے گیارہ بجے بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اب اس حوالے سے مزید گفت و شنید نہیں ہوگی۔