لاہور ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا، جہاں پاکستانی بلے باز آسٹریلوی برتری ختم نہ کرسکے، قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن کولیپس کرگئی، ٹیم 268 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔
آسٹریلیا کی ٹیم نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 11 رنز بنالیے ہیں جبکہ اسے 134 رنز کی مجموعی برتری بھی حاصل ہے۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں جہاں ایک موقع پر قومی ٹیم کی پوزیشن بہتر دکھائی دے رہی تھی، وہاں وہ اچانک 54 رنز میں 8 وکٹیں گنوا بیٹھی۔
پاکستان کی جانب سے پہلے سیشن کی عمدہ بیٹنگ کے بعد آسٹریلوی بولرز نے دوسرے سیشن کے شروع ہوتے ہی عبداللّٰہ شفیق کی قیمتی وکٹ حاصل کی، وہ 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
چائے کے وقفے سے قبل قومی ٹیم کو سیٹ اظہر علی کی وکٹ کا نقصان بھی اٹھانا پڑا، ان کو کپتان پیٹ کمنز نے اپنی ہی بال پر کیچ کیا۔
میچ میں پاکستان کی چوتھی وکٹ فواد عالم کی گری، وہ 13 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔
فواد عالم کے آؤٹ ہوتے ہی یکے بعد دیگر قومی بیٹرز اپنی وکٹیں گنواتے رہے۔
نعمان علی، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور نسیم شاہ تو اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے جبکہ ساجد خان نے 6 اور محمد رضوان نے ایک رن بنایا۔
عبداللہ شفیق اور اظہر علی کے بعد کپتان بابر اعظم نے 67 رنز کے ساتھ حریف ٹیم کا مقابلہ کیا۔
آسٹریلوی فاسٹ بولنگ قومی بیٹرز پر قہر بن کر برسی جہاں کپتان پیٹ کمنز نے 5 اور مچل اسٹار نے 4 وکٹیں لیں، جبکہ نیتھن لیون بھی ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
آسٹریلیا کو دوسری اننگز کے آغاز سے قبل ہی ہوم ٹیم پر 123 رنز کی برتری حاصل ہے۔
لاہور ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل قومی ٹیم نے 90رنز 1 کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھایا۔
ٹیسٹ کے دوسرے دن آسٹریلوی ٹیم 391 رنز بناکر آؤٹ ہوئی، ایلیکس کیری اور کیمرون گرین نے نصف سنچریاں بنائیں جبکہ نسیم شاہ اور شاہین آفریدی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کے آغاز میں ہی امام الحق کی وکٹ گنوا دی تھی جس کے بعد اظہر علی اور عبداللّٰہ شفیق نے ٹیم کو سہارا دیا اور دن کے اختتام تک اسکور کو 90 رنز تک پہنچایا۔